ریاض،10مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پاکستانی وزیراعظم میاں نواز شریف ، مراکش کے شاہ محمد ششم ،عراقی صدر محمد فواد معصوم اور تیونسی صدر باجی قائد السبسی کو عرب ،اسلامی، امریکا سربراہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔سعودی عرب کی میزبانی میں ہونے والے اس سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے وزیرخارجہ عادل الجبیر اور مذکورہ چاروں ممالک میں متعین سعودی سفیروں اور ناظم الامور نے متعلقہ حکام کو شاہ سلمان کی جانب سے پیغامات اور دعوت نامے پہنچا دئے ہیں۔اس موقع پر سعودی عرب کے سفارتی نمائندوں نے میزبان ممالک کے حکام کے ساتھ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔